بنگلورو،23؍اپریل(ایس او نیوز) ریاستی وزیربرائے بنیادی وثانوی تعلیم ایس سریش کمارنے سوشیل میڈیاپر گردش کررہی جھوٹی خبروں اورافواہوں کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے اب تک ایساکوئی فیصلہ نہیں کیاکہ رواں سال ایس ایس ایل سی امتحانات لئے بغیر ہی تمام طلبہ کوپاس کردیاجائے گا۔
بروزچہارشنبہ سدگنگامٹھ میں ایس ایس ایل سی طلبہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سریش کمار طلبہ کی جانب سے کئے گئے سوالات کاجواب دے رہے تھے۔اس دوران ایک طالب علم کو جواب دیتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ یہ افواہ ہے کہ ایس ایس ایل سی طلبہ کوامسال پاس کردیاجائے گا۔
انہوں نے طلبہ سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ تمام کو امتحان لئے بغیر ہی پاس کردیاجائے، اس پر سارے طلبہ نے بیک زبان کہاکہ نہیں ”ہم امتحان چاہتے ہیں“۔جب وزیرنے طلبہ سے پوچھاکہ آپ امتحان لکھنا کیوں چاہتے ہیں؟اس پر طلبہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے سال بھرمحنت کرکے پڑھائی کی ہے، ہم اپنی محنت کا پھل چاہتے ہیں،ہم یہ سنناپسندنہیں کریں گے کہ لوگ ہمارے بارے میں اس طرح مذاق کریں کہ ہم ایس ایس ایل سی پاس نہیں بلکہ ”کوروناپاس“ پاس طلبہ ہیں۔